حیدرآباد: رنگاریڈی ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی نے بدھ کے روز تمام انجینئرنگ محکموں کو واضح ہدایت جاری کی کہ سرکاری ترقیاتی کاموں کے لیے درکار ریت صرف تلنگانہ اسٹیٹ منرلز ڈیولپمنٹ کارپوریشن (TGMDC Sand Procurement) سے ہی حاصل کی جائے۔
کلکٹر کیمپ آفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں انہوں نے روڈز اینڈ بلڈنگس، آبپاشی، مشن بھاگیرتا، برقی اور گراؤنڈ واٹر کے افسران سے گفتگو کی۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ آئندہ مانسون کے پیش نظر تمام محکمے اپنی ریت کی ضروریات 31 مارچ 2026 تک اندازہ لگا کر ٹی جی ایم ڈی سی کو تفصیلات فراہم کریں تاکہ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
کلکٹر نے بتایا کہ حیدرآباد-رنگاریڈی علاقہ کی تعمیری ضروریات کے لیے آوٹر رنگ روڈ کے اطراف تین ریت اسٹاک یارڈ قائم کیے گئے ہیں: عبداللہ پورمیٹ، آدی بٹلہ اور وٹّی ناگول پلی۔ ان میں عبداللہ پورمیٹ یارڈ میں اس وقت 40 میٹرک ٹن، آدی بٹلہ میں 90,000 میٹرک ٹن، اور وٹّی ناگول پلی میں 40,000 میٹرک ٹن موٹی اور باریک ریت دستیاب ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان اسٹاک یارڈز سے ریت ٹی جی ایم ڈی سی کے تحت یا تو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے یا نجی خریداروں کی گاڑیوں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ قیمتیں فی ٹن 1,600 روپئے (موٹی ریت) اور 1,800 روپئے (باریک ریت) مقرر کی گئی ہیں، جس میں ٹرانسپورٹ چارجز شامل نہیں ہیں۔
محکمے اور افراد SSMS پورٹل کے ذریعے آن لائن بکنگ کر سکتے ہیں، جہاں سے ریاست بھر میں ریت کی فراہمی اور گھریلو ترسیل کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے عوام 125242 پر مفت کال کر سکتے ہیں، جب کہ اسٹاک یارڈ انچارجز کے نمبر درج ذیل ہیں:
– عبداللہ پورمیٹ: 9154863039
– وٹّی ناگول پلی: 9154238603
– آدی بٹلہ: 9154238600
اس اجلاس میں مختلف انجینئرنگ اور ٹرانسپورٹ محکموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔