حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے ہفتہ 17 مئی کو حیدرآباد میں Tiranga Yatra کا اہتمام کیا جائے گا، جس کا مقصد حالیہ آپریشن سندور کی کامیابی کا جشن منانا ہے۔ پارٹی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ یاترا شام 5 بجے ٹینک بنڈ کے قریب سے روانہ ہوگی۔
بی جے پی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر کشن ریڈی، جموں و کشمیر کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس، آندھراپردیش اور تلنگانہ کے ریٹائرڈ پولیس افسران، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس رینک کے عہدیدار، فوجی افسران، پارٹی قائدین اور عوامی نمائندے اس ترنگا یاترا میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی پرچم کے ساتھ ایک بڑی ریالی نکالی جائے گی، جس میں دیش بھکتی پر مبنی نعرے اور نغمے بھی شامل ہوں گے۔ اس موقع پر شہریوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہا کہ عوام اس یاترا میں شامل ہوکر ان بھارتی فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی کریں جنہوں نے پاکستان کے خلاف آپریشن سندور میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گردی کے خاتمے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے، اور بھارتی فوج نے پاکستان کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر بھارت پر حملہ کیا گیا تو اس کا انجام کیا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن کے دوران پاکستانی فوج سے تعلق رکھنے والی 11 اہم تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا۔
کشن ریڈی نے بتایا کہ یہ ترنگا یاترا ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے سے شروع ہوکر ملٹری ٹینک کے مقام تک جائے گی، اور یہ حب الوطنی کے اظہار کا ایک علامتی مظاہرہ ہوگا۔