حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن نے گروپ ون مینز امتحان کے نتائج جاری کر دیے ہیں جو اکتوبر 2024 میں منعقد ہوا تھا۔ امتحان میں شریک امیدوار اب اپنے نشانات سرکاری ویب سائٹ http://www.tspsc.gov.in پر چیک کر سکتے ہیں۔
یہ امتحان 21 سے 27 اکتوبر 2024 کے دوران منعقد کیا گیا تھا، جس کا مقصد مختلف سرکاری محکموں میں 563 عہدوں کو پُر کرنا تھا۔ اس امتحان میں مجموعی طور پر 21,093 امیدواروں نے شرکت کی تھی، جس میں سات پرچے شامل تھے۔ تصحیح کا عمل گزشتہ ماہ مکمل ہوا، اور کمیشن نے اب نتائج جاری کر دیے ہیں۔
اسکور شیٹس 16 مارچ تک دستیاب
امیدوار اپنی اسکور شیٹ سرکاری ویب سائٹ سے 16 مارچ شام 5 بجے تک ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ٹی ایس پی ایس سی نے امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھرتی کے عمل کی تکمیل تک اپنی اسکور شیٹ محفوظ رکھیں۔
ری ایویلوایشن کے لیے درخواستیں 10 سے 24 مارچ تک قبول
ٹی ایس پی ایس سی نے امیدواروں کو اپنے نشانات کی ری ایویلوایشن کے لیے درخواست دینے کا موقع بھی فراہم کیا ہے۔ جو امیدوار اس عمل میں شامل ہونا چاہتے ہیں وہ 10 مارچ سے 24 مارچ 2025 کے درمیان آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ فی پرچہ روپۓ1,000 فیس مقرر کی گئی ہے۔ ری ایویلوایشن کے بعد، تمام امیدواروں کے نظر ثانی شدہ نشانات ٹی ایس پی ایس سی کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔
حتمی رینک لسٹ اور اسناد کی تصدیق کا عمل
امتحان میں حاصل شدہ نمبروں کی بنیاد پر ایک حتمی جنرل رینک لسٹ تیار کی جائے گی، جس کے بعد اسناد کی تصدیق کا عمل شروع ہوگا۔ امیدواروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنی اصل اسناد اور دیگر ضروری کاغذات تصدیق کے لیے تیار رکھیں۔
مزید تفصیلات اور تازہ ترین معلومات کے لیے امیدوار ٹی ایس پی ایس سی کی ویب سائٹ کا باقاعدگی سے دورہ کریں۔