
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر زراعت تملا ناگیشور راؤ نے ریاست میں کسانوں کے درمیان [en]Vegetable Cultivation[/en] کے رجحان میں اضافہ کے لیے عہدیداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
منگل کے روز سکریٹریٹ میں باغبانی فصلوں کے جائزہ اجلاس کے دوران وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست میں اب بھی بڑی مقدار میں سبزیاں بیرونی ریاستوں سے درآمد کی جا رہی ہیں، جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کسانوں کو ترغیب دے کر اس مانگ کو ریاست کے اندر ہی پورا کرنے کے لیے فوری منصوبہ بندی ضروری ہے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ سبزیوں کی ایسی اقسام کی منظم منصوبہ بندی کی جائے جن کی طلب ریاست میں زیادہ ہے، تاکہ کسانوں کو منڈی سے جوڑ کر پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے حیدرآباد کے اطراف کے اضلاع جیسے رنگا ریڈی، وقارآباد، محبوب نگر، سدی پیٹ، سنگاریڈی، اور میڑچل میں بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت پر زور دیا۔
تملا نے کہا کہ زرعی مرکزِ فضیلت کے تعاون سے فصلوں کی منصوبہ بندی اور کسانوں کو تکنیکی رہنمائی فراہم کی جائے۔
پام آئل کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ سالانہ ہدف کو دسمبر تک مکمل کیا جائے اور ہر ہفتے کے لیے مخصوص سنگ میل مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ پودے لگانے کی پیش رفت پر ماہانہ رپورٹس دستیاب نہیں ہیں اور کسانوں کو ادائیگیوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر زراعت نے زراعت اور باغبانی کے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے تمام رکاوٹوں کو دور کریں۔