
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول کے تادوور منڈل میں واقع لنگم پلی گاؤں کے قریب منگل کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثہ [en]Nagarkurnool Road Accident[/en] میں 45 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔
سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت لنگم گوڑ کے طور پر کی گئی ہے، جو گنٹھا کودورو گاؤں کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق، لنگم گوڑ کو ایک نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقامی رہائشیوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ تادوور سب انسپکٹر گرو سوامی اپنی ٹیم کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ناگرکرنول ایریا اسپتال منتقل کیا۔
متوفی کے افراد خاندان کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس واقعے سے گنٹھا کودورو گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، اور مقامی افراد نے حادثہ کی مکمل جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔