
حیدرآباد: پرانے شہر میں میٹرو ریل توسیعی منصوبے کے تحت حکومتِ تلنگانہ نے حیدرآباد ایئرپورٹ میٹرو ریل لمیٹڈ (HAML) کو 125 کروڑ روپئے جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم 2025–26 کے بجٹ میں مختص کردہ 500 کروڑ میں سے پہلی قسط کے طور پر جاری کی گئی ہے۔
[en]Old City Metro[/en] منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے میونسپل ایڈمنسٹریشن و اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری کے. ایلامبارتی نے احکامات جاری کیے، جس کے تحت یہ فنڈس HAML کے PD اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے گئے۔
بجٹ میں پرانے شہر کے میٹرو منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 500 کروڑ کی منظوری دی گئی تھی، جس میں سے اب تک 125 کروڑ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی 375 کروڑ آئندہ مراحل میں جاری کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ویمولواڑہ مندر علاقہ ترقیاتی اتھارٹی (VTADA) کے لیے بھی 25 کروڑ روپئے جاری کیے گئے ہیں، جو کہ 100 کروڑ کی مجموعی منظوری کا حصہ ہیں۔ یہ فنڈ بھی متعلقہ پی ڈی اکاؤنٹ میں جمع کر دیا گیا ہے، جبکہ 75 کروڑ روپئے کی بقیہ رقم بعد میں جاری کی جائے گی۔
پرانے شہر کے عوامی حلقوں میں میٹرو منصوبے پر عمل آوری کی سست رفتاری پر مایوسی پائی جاتی تھی، لیکن فنڈس کی اجرائی کے بعد اس منصوبے کو نئی رفتار ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔