حیدرآباد: شہر میں Monsoon کی آمد سے قبل ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیر کو بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (TGiCCC) میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکز کے ڈائریکٹر وی بی کملاسن ریڈی نے کی۔
اجلاس میں کلکٹریٹ، جی ایچ ایم سی، فائر سروسز، ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل، محکمہ صحت، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (SDRF)، محکمہ موسمیات، واٹر بورڈ، اور سائبرآباد و راچہ کنڈہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوئے۔
مرکزی توجہ شہر کے 141 نشاندہی شدہ آبی جمع ہونے والے مقامات پر سیلابی خطرات سے نمٹنے، ٹریفک نظم و نسق، اور بر وقت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر مرکوز رہی۔ نکاسی آب کے لیے نالوں کو فعال رکھنے، موسمی بیماریوں کی روک تھام، اور خستہ حال عمارتوں سے جڑے خطرات کو کم کرنے کے عملی منصوبوں پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔
اجلاس میں آفت میتری (Aapda Mitra) اسکیم کے تحت تربیت یافتہ رضاکاروں اور غیر سرکاری تنظیموں کو فرنٹ لائن امدادی خدمات میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ساتھ ہی SACHET موبائل ایپ اور دیگر سرکاری سہولیات کو عوام میں مقبول بنانے پر زور دیا گیا تاکہ بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔
کملاسن ریڈی نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ تجربہ کار افسران کو TGiCCC میں تعینات کریں تاکہ ایک مشترکہ ایکشن ٹیم قائم کی جا سکے، جو مانسون کے دوران حقیقی وقت میں ہم آہنگی کے ساتھ کام کرے۔ انہوں نے کمانڈ سینٹر کی تمام سہولیات کے مکمل استعمال کی ہدایت بھی دی۔
کمشنر پولیس سی وی آنند نے خطرناک مقامات پر ميدانی سطح پر فوری تعیناتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جی ایچ ایم سی، ٹریفک پولیس، واٹر بورڈ، برقی شعبہ اور رضاکار تنظیموں کے مابین موثر تال میل کو ناگزیر قرار دیا۔
فائر سروسز کے عہدیدار وائی ناگی ریڈی نے تجویز دی کہ مانسون کے دوران آتشزدگی جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے ہر محکمے کی ذمہ داریاں واضح کرنے والا ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) تیار کیا جائے۔
اجلاس میں ای وی رنگناتھ (HYDRAA)، کلکٹریٹ کے مکند راؤ، ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل کے این نرسملو، جی ایچ ایم سی کے چیف انجینئر سہادیو رتناکر، اور سائبرآباد جوائنٹ کمشنر ڈاکٹر گجراو بھوپال سمیت کئی سینئر افسران شریک رہے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام محکمہ جات باہم مربوط انداز میں کام کریں گے تاکہ حیدرآباد مانسون کی ممکنہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکے۔