تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر مزید تین دن برقرار رہے گی | Intense Heat

Intense Heat

حیدرآباد: تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر آئندہ تین دنوں تک برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ریاست کے شمالی اضلاع جیسے نظام آباد، جگتیال، عادل آباد، نرمل، منچریال اور کومرم بھیم میں درجہ حرارت 45.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔

حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں سنتوش نگر، اپل، بیگم پیٹ، راجندر نگر، مشیرآباد، عنبر پیٹ، جوبلی ہلز، سیرلنگم پلی، چندا نگر، موسیٰ پیٹ، کوکٹ پلی اور گا جولارامارم شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت کے پیش نظر ‘اورنج الرٹ’ اور ‘ ایلو الرٹ’ جاری کیے ہیں۔ عوام کو دن کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور دھوپ سے بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے بھی عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے، تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

Exit mobile version