حیدرآباد میں داعش کی ٹفن باکس بم سازش بے نقاب، 2 نوجوان گرفتار | ISIS Terror Plot

ISIS Terror Plot

حیدرآباد: شہر حیدرآباد اور آندھراپردیش میں دہشت گرد تنظیم ISIS Terror Plot سے جڑے ایک سنگین منصوبے کو پولیس نے بروقت کارروائی کے ذریعہ ناکام بنا دیا ہے۔ پولیس کے مطابق دو نوجوانوں، محمد سمیر (سکنہ بھوئی گوڑہ، سکندرآباد) اور سراج الرحمن (سکنہ وجیا نگرم، آندھراپردیش) کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے عدالت میں داخل کی گئی ریمانڈ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ یہ دونوں نوجوان داعش کے سعودی ہینڈلرز کی ہدایت پر حیدرآباد میں بم دھماکوں کی سازش تیار کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ان کا رابطہ مزید 4 افراد سے تھا جنہیں بم نصب کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان ملزمین نے انسٹاگرام پر ایک خفیہ گروپ بنا رکھا تھا جس کے ذریعہ وہ سعودی عرب میں موجود داعش سے وابستہ افراد سے ہدایات حاصل کرتے تھے۔ سراج الرحمن نے ای کامرس پلیٹ فارم ایمازون سے اسٹیل کے ٹفن باکس آرڈر کیے تاکہ ان میں بم نصب کیا جا سکے۔ پولیس نے سراج کے مکان کی تلاشی کے دوران امونیم نائیٹریٹ، سلفر، اور امونیم پاؤڈر جیسا دھماکہ خیز مواد ضبط کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر یہ سازش کامیاب ہو جاتی تو شہر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو سکتا تھا۔ تاہم تلنگانہ اور آندھراپردیش کے این آئی اے اور انٹیلیجنس عہدیداروں کی چوکسی کی بدولت سازش کو وقت رہتے بے نقاب کیا گیا۔

محمد سمیر اور سراج الرحمن کی نشاندہی پر پولیس اور این آئی اے نے ان چار دیگر مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے جو مبینہ طور پر شہر کے مخصوص مقامات پر بم نصب کرنے والے تھے۔ ان کی گرفتاری کے بعد مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے، جن میں سازش کے وقت، مقام اور بین الاقوامی روابط کی تفصیلات شامل ہیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ حرکت یا فرد کی فوری اطلاع دیں تاکہ دہشت گرد عناصر کو ناکام بنایا جا سکے اور شہر کو محفوظ رکھا جا سکے۔

Exit mobile version