حیدرآباد: وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے لگچرلہ واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے بی آر ایس رہنماؤں پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق حکومت کے دور میں زمینوں پر بڑے پیمانے پر ناجائز قبضے کیے گئے، اور اب جب کانگریس حکومت ان بے قاعدگیوں کو بے نقاب کر رہی ہے تو کچھ لوگ توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سریدھر بابو نے اپوزیشن رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور لگچرلہ واقعہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ایس حکومت کے دوران کئی کسان اپنی زمینوں سے محروم ہوگئے تھے، اور اب جب موجودہ حکومت اصلاحی اقدامات کر رہی ہے تو اپوزیشن غیر ضروری تنازعات کھڑے کر رہی ہے۔
وزیر نے یقین دلایا کہ لگچرلہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور حکومت پر بھروسہ رکھیں۔
سری دھر بابو نے کہا کہ کانگریس حکومت کسی بھی گمراہ کن پروپیگنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور جلد ہی اس معاملے کی اصل حقیقت عوام کے سامنے لائی جائے گی۔