حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اور حیدرآباد انچارج پونم پربھاکر نے امبرپیٹ حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے باغ امبرپیٹ، نلہ کنٹہ اور برکت پورہ میں 4.90 کروڑروپئے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی وی ہنمنت راؤ، امبرپیٹ کانگریس انچارج روہن ریڈی اور کئی سرکاری افسران موجود تھے۔
وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مفت بس سفر، 200 یونٹ بجلی، 500 روپئے فی گیس سلنڈر اور کسانوں کے قرض کی معافی جیسی اسکیمیں چلا رہی ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور یقین دلایا کہ حلقے کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کو مالی بدنظمی کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں بڑی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ تاہم، کانگریس حکومت پرانے اور نئے فلاحی منصوبے نافذ کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں مل سکیں۔
وزیر نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ تلنگانہ کو نظرانداز کر رہی ہے اور کہا کہ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ریاستی ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو اس کا جائز حصہ دلانے کے لیے کانگریس حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی اور اگر ریاست کے ساتھ ناانصافی کی گئی تو سخت موقف اختیار کیا جائے گا۔