ریونت ریڈی کا بارہویں صدی کے سماجی مصلح بسویشور کو خراج | Basaveshwara Jayanti

Basaveshwara Jayanti

حیدرآباد: وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے بدھ کے روز مہاتما بسویشور Basaveshwara Jayanti کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بارہویں صدی کے عظیم سماجی مصلح کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کی حالیہ تنقیدوں کا سخت جواب دیا۔

ریونت ریڈی نے بسویشور کو ایک انقلابی قرار دیا جنہوں نے صدیوں پہلے سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بسویشور کے ان نظریات سے رہنمائی حاصل کرتی ہے جو ذات پات، مذہبی تفریق اور صنفی امتیاز کے خلاف تھے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بسونا کی روح آج بھی ہمارے جمہوری اور پنچایتی راج اداروں میں زندہ ہے۔ ہر انسان کو باعزت زندگی گزارنے کا حق ہے، اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسی بنیاد پر پالیسیاں بنائیں۔

اس موقع پر کے سی آر کا نام لیے بغیر ریونت ریڈی نے حالیہ ورنگل جلسہ میں دیے گئے بیانات پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا کے سی آر کو اقتدار کے نہ ہونے کا افسوس ہے یا کرپشن کے بے نقاب ہونے کا؟

ریونت نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے تنخواہ، 65 لاکھ روپۓ، گاڑیاں اور پولیس تحفظ حاصل کرنے کے باوجود فعال طور پر کام نہیں کیا بلکہ فارم ہاؤس تک محدود رہے۔

انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت پر فلاحی اسکیمیں بند کرنے کا الزام لگاتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ریتو بندھو، آروگیہ شری، مفت بجلی، شادی مبارک، کلیان لکشمی، خواتین کے لیے مفت بس سفر اور نئی ملازمتوں کی تقرریاں سب جاری ہیں۔

ریونت ریڈی نے سابق وزیر اعلیٰ کو چیلنج کیا کہ وہ کالیشورم، قرض معافی، کانگریس حکومت کی جانب سے دی گئی 60 ہزار ملازمتیں، ذات پر مبنی مردم شماری، درج فہرست ذاتوں کی درجہ بندی جیسے اہم عوامی مسائل پر مباحثہ کریں۔

انہوں نے ایک طنزیہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسے سو چوہے کھانے کے بعد بلی حج کو جاتی ہے، ویسے ہی کے سی آر ورنگل پہنچے۔ ریونت نے الزام لگایا کہ کے سی آر نے اپنے ماضی کے گناہوں کو جھوٹ بول کر دھونا چاہا اور وہ ان کا نام تک لینے سے قاصر رہے۔

ریونت ریڈی نے اپنے خطاب کا اختتام اس بات پر کیا کہ بسویشور کے ویژن کے مطابق تلنگانہ کی دولت غریبوں میں تقسیم ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت خود کو نہیں، عوام کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ عوام ہی ہمارے اصل برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔

Exit mobile version