ایس ایل بی سی سرنگ حادثہ: مزدوروں کو بچانے ہر ممکن اقدامات – کومٹ ریڈی

ایس ایل بی سی

تلنگانہ کے وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت ایس ایل بی سی سرنگ میں پھنسے 8 مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے بیانات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت تنقید کا نہیں بلکہ بچاؤ آپریشن پر توجہ دینے کا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا ہے کہ حکومت ایس ایل بی سی سرنگ میں پھنسے 8 مزدوروں کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سابق ریاستی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر جانا ریڈی کے ساتھ موقع پر پہنچ کر بچاؤ سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کومٹ ریڈی نے اپوزیشن جماعت بی آر ایس (BRS) کے رہنماؤں پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ جب 8 افراد سرنگ میں پھنسے ہوئے ہیں، تب اپوزیشن جماعتیں تنقید میں مصروف ہیں جو مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح مزدوروں کی بحفاظت بازیابی ہے، اور اس کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر بی آر ایس کے کارگزار صدر تارک راما راؤ (KTR) کی جانب سے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (X) پر کیے گئے ٹویٹ کی مذمت کی، جس میں انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے متاثرہ علاقے کا دورہ نہ کرنے پر نکتہ چینی کی تھی۔ کومٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہے اور اس طرح کے بیانات بچاؤ آپریشن میں خلل ڈالنے کے مترادف ہیں۔

حکومت نے یقین دلایا ہے کہ مزدوروں کو جلد محفوظ طریقے سے نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں اور مزید ماہرین کو بھی تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ آپریشن کو تیز کیا جا سکے۔

Exit mobile version