وقارآباد میں باراتیوں کی بس کو حادثہ، 4 ہلاک

Vikarabad

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے پرگی علاقے میں قومی شاہراہ 163 کے قریب رنگا پور کے مقام پر آج صبح ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں شادی کی تقریب سے واپس آ رہی باراتیوں کی ایک خانگی ٹراویل بس سڑک کے کنارے کھڑی لاری سے ٹکرا گئی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ چار افراد، جن کی شناخت ملیش، سندیپ، بالامنی اور ہیملتا کے طور پر کی گئی ہے، موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے واردات پر پہنچی اور زخمیوں کو قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ تمام مسافر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ تمام افراد ضلع رنگا ریڈی کے شاد نگر منڈل کے چندن ویلی گاؤں سے تعلق رکھتے تھے۔

پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

Vikarabad میں پیش آئے اس افسوسناک واقعے نے مقامی عوام میں غم کی لہر دوڑا دی ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے فوری امداد کی توقع ہے۔

Exit mobile version