حیدرآباد: انجیل پرچارک اور گلوبل پیس مشن کے بانی کے اے پال نے اعلان کیا ہے کہ World Peace Conference (عالمی امن کانفرنس) حسبِ منصوبہ 24 مئی بروز ہفتہ کو حیدرآباد کے جنکانا گراؤنڈز میں منعقد کی جائے گی۔ پنجہ گوٹہ میں واقع پراجا شانتی پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک غیر سیاسی تقریب ہے اور اس میں ان کی پارٹی کا کوئی رسمی کردار نہیں ہوگا۔
کے اے پال نے بتایا کہ یہ کانفرنس صرف گلوبل پیس مشن کے بینر تلے منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد دنیا بھر کے عوام کو عالمی امن کے لیے دعا میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے قائدین اور شہری امن کے لیے دعاگو ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان بھی اس عالمی آواز کا حصہ بنے۔
انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کیا کہ یہ پروگرام سیاسی نوعیت کا ہے۔ کے اے پال کا کہنا تھا کہ یہ تقریب مکمل طور پر عدالت، حکومت اور پولیس کی رہنما ہدایات کے مطابق منعقد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم ہند، تمام 29 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، وزراء، عالمی قائدین اور مذہبی رہنماؤں کو دعوت نامے روانہ کیے گئے ہیں۔ کے اے پال نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اس تقریب میں شرکت کریں گے، کیونکہ اس سے تلنگانہ کی عالمی سطح پر شناخت بڑھے گی اور ریاست میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
اس کانفرنس کا سرکاری پوسٹر گزشتہ ہفتے جاری کیا گیا تھا۔