تلنگانہ کے جنگلات میں 12 محفوظ علاقے، دو ٹائیگر ریزرو اور تین قومی پارک شامل

تلنگانہ کے جنگلات

حیدرآباد: سروے آف انڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ریاست تلنگانہ میں 27,688 مربع کلومیٹر رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے۔ اس قیمتی ماحولیاتی اثاثے کے تحفظ کے لیے ریاستی محکمہ جنگلات نے 12 محفوظ علاقوں کا قیام عمل میں لایا ہے، جن میں دو ٹائیگر ریزرو، تین قومی پارک اور سات وائلڈ لائف سنکچوریاں شامل ہیں۔

یہ تمام علاقے تقریباً 18 لاکھ 15 ہزار ایکڑ پر محیط ہیں، جو ریاست کے مجموعی جنگلاتی رقبے کا تقریباً 27 فیصد بنتے ہیں۔ یہاں 365 اقسام کے پرندوں اور 131 اقسام کے جانوروں کو محفوظ رہائش گاہیں فراہم کی گئی ہیں۔

ٹائیگر ریزرو: تحفظ کی کوششیں اور بہتری کے آثار

محفوظ علاقوں میں سب سے نمایاں امرآباد اور کاول ٹائیگر ریزرو ہیں۔ امرآباد ٹائیگر ریزرو، جو ناگرکرنول اور نلگنڈہ اضلاع میں واقع ہے، 2,166.37 مربع کلومیٹر کے کور ایریا اور 445.02 مربع کلومیٹر کے بفر زون پر پھیلا ہوا ہے۔ 2006 میں یہاں شیر کی تعداد نہایت کم ہو گئی تھی، لیکن بہتر انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات کے باعث اب صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

کوال ٹائیگر ریزرو کا کور ایریا 892.23 مربع کلومیٹر جبکہ بفر زون 1,123.21 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ یہ ریزرو مہاراشٹر کے تاڈوبہ گندھاری اور چھتیس گڑھ کے اندراوتی ریزرو کے درمیان اہم راہداری کا کردار ادا کرتا ہے۔ آل انڈیا ٹائیگر اسٹیمیشن 2022 کے مطابق، اس علاقے میں اس وقت سات شیر موجود ہیں، جبکہ 41 تیندووں کی موجودگی بھی ریکارڈ کی گئی ہے، جو جنگلی حیات کے تحفظ کی کامیابی کی علامت ہے۔

قومی پارک: شہری علاقوں میں قدرتی پناہ گاہیں

تلنگانہ کے تین قومی پارک بھی ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ حیدرآباد میں واقع کاسوبرہمانند ریڈی نیشنل پارک 1.42 مربع کلومیٹر رقبے پر مشتمل ہے اور مور، جنگلی بلی، خرگوش، پرندے اور رینگنے والے جانور اس کا حصہ ہیں۔

رنگا ریڈی ضلع میں واقع مرگاونی نیشنل پارک 3.60 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور چتکبرا ہرن، سانبھر، جنگلی سور اور مختلف اقسام کے پرندوں کی آماجگاہ ہے۔ سب سے بڑا پارک مہاویر ہريناونستھلی نیشنل پارک بھی رنگا ریڈی میں واقع ہے، جو 14.59 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہے اور سیاہ ہرن، چیتے، جنگلی بلی، چار سنگھ والے ہرن اور دیگر جنگلی حیات کو محفوظ رکھتا ہے۔
وائلڈ لائف سنکچوریاں: فطری ورثے کی محافظ

سات وائلڈ لائف سنکچوریاں بھی ریاست کے مختلف اضلاع میں فطری ورثے کے تحفظ میں سرگرم ہیں۔ ان میں منچریال ضلع میں پرانہیتا اور شیوارم، ملگو ضلع میں ایٹورناگرم، محبوب آباد اور ورنگل میں پاکھال، اور بھدرادری کوتاگوڈم میں کنیراسانی شامل ہیں۔ ان سنکچوریوں کا رقبہ 29.81 مربع کلومیٹر سے 860.20 مربع کلومیٹر کے درمیان ہے، تاہم کنیرا سانی کا صحیح رقبہ ابھی دستیاب نہیں۔
جنگلاتی تحفظ کا مشترکہ وژن

یہ تمام محفوظ علاقے تلنگانہ کے جنگلات اور ان کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی بنیاد بناتے ہیں۔ ریاست کی کوشش ہے کہ ان علاقوں کے ذریعے ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جائے اور نایاب نسلوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے، جو مستقبل کے لیے ایک اہم سرمایہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Exit mobile version