وی ہب پروگرام کے تحت ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کا منصوبہ | We Hub

حیدرآباد: وزیراعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت We Hub پروگرام کے تحت ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے اور مختلف اقدامات کے ذریعہ انہیں بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

ریونت ریڈی نے We Hub ویمن ایکسیلیریشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی طاقت ہی ملک کی بنیاد ہے اور کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہند۔چین جنگ اور 1971 کی پاکستان جنگ ہوئی، اس وقت وزیراعظم اندرا گاندھی نے دنیا کو خواتین کی قیادت کی طاقت کا احساس دلایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ خواتین کی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر کام کیا ہے اور ریاستی حکومت اسی روایت کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی خواتین دوست اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت ریاستی آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے، جسے سونیا گاندھی کا تحفہ قرار دیا۔

We Hub

ریونت ریڈی نے اماں آدرش پاٹھ شالہ کا ذکر کیا، جس کے ذریعے سرکاری اسکولوں کی نگہداشت لڑکیوں کو دی گئی۔ طلبہ کے یونیفارم کی سلائی خواتین کی تنظیموں کو سونپی گئی جس سے انہیں روزگار حاصل ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرول پمپ اور سولار انرجی جیسے شعبوں میں بھی خواتین کو شامل کیا جا رہا ہے، اور شلپارامم میں ان کی مصنوعات کی نمائش کے لیے خصوصی اسٹالس مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس معیشت کا ستون بن رہے ہیں، اور حکومت چاہتی ہے کہ ان کی رکنیت ایک کروڑ تک پہنچے۔ ان گروپس کو 1000 میگا واٹ کے سولار پراجکٹس دیے جا چکے ہیں، اور اگر ان کا بہتر انتظام ہو تو مزید 1000 میگا واٹ کے منصوبے دینے حکومت تیار ہے۔

وزیراعلیٰ نے بینک قرضوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب 16 لاکھ کروڑ روپے کارپوریٹ کمپنیوں کو دیے گئے اور وہ ملک چھوڑ گئے، تو بیٹیوں نے قرض واپس کیا اور سود سمیت ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط ہماری بیٹیوں کی پہچان ہے۔

ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہری علاقوں میں خواتین کو سیلف ہیلپ گروپس سے جوڑنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے۔ آخر میں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایک بھائی کی حیثیت سے میں خواتین کو ہر ممکن تعاون دوں گا کیونکہ جب بیٹیاں خوددار ہوں گی تب ہی ریاست ترقی کرے گی۔

 

Exit mobile version